Oct ۱۴, ۲۰۱۹ ۱۴:۳۱ Asia/Tehran
  • مائنس امریکہ فارمولا، مغربی ایشیا کے امن کا ضامن

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے شمالی شام سے امریکی فوجیوں کے انخلا کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی ایشیا کا علاقہ امریکہ کے بغیر زیادہ پرامن ہوگا۔

اپنے ذاتی ٹوئٹ پر تحریر کیے جانے والے ایک پیغام میں علی شمخانی کا کہنا تھا کہ امریکہ کو مشرق وسطی میں آنا ہی نہیں چاہیے تھا۔ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکام نے پچھلے دو ماہ کے دوران جو بیانات دیئے ہیں ان میں مغربی ایشیا میں اپنی فوجی موجودگی کے احمقانہ ہونے کا اعتراف  کیا گیا ہے۔
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے کہا کہ مشرق وسطی کی تقسیم، سینچری ڈیل، ایران میں حکومت کی تبدیلی کی خام خیالی، سعودی عرب کو علاقے کا تھانیدار بنانے کا منصوبہ، جنگ یمن، افغانستان میں نام نہاد امن کے قیام اور بحران شام جیسی تمام امریکی سازشیں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکی حکام کو اچھی طرح  معلوم ہوگیا ہے کہ ان کے پاس اب سپر پاور والی طاقت نہیں ہے اور پہلے والی پوزیشن پر واپس جانا امریکہ کے لیے ناممکن ہے۔

ٹیگس