Oct ۱۱, ۲۰۲۵ ۱۷:۲۹ Asia/Tehran
  • کیا طالبان اور آر ایس ایس کی سوچ ایک ہے؟ راہل گاندھی نے مودی سے پوچھے کئی سوال، ہندوستانی خواتین کی توہین کا کون ہے ذمہ دار؟

راہل گاندھی نے پرینکا گاندھی کی پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے افغان وزیر کی پریس کانفرنس سے خواتین صحافیوں کی غیر موجودگی پر وزیراعظم مودی سے وضاحت طلب کی ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان:  ہندوستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، اپوزیش لیڈر راہل گاندھی نے افغانستان کی طالبان حکومت کے وزیرِ خارجہ امیر خان متقی کی دہلی میں منعقد ہوئی پریس کانفرنس میں خواتین صحافیوں کے داخلے کی اجازت نہ دئے جانے کے معاملے پر وزیراعظم نریندر مودی سے وضاحت طلب کی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز طالبان کی افغان حکومت میں وزیر خارجہ امیر خان متقی کی پریس کانفرنس میں خواتین صحافیوں کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ اس معاملہ پر متعدد صحافیوں نے سوشل میڈیا پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے، جبکہ پرینکا گاندھی سمیت کئی لیڈروں نے بھی حکومت وضاحت طلب کی ہے۔

اپنی ایکس پوسٹ میں راہل گاندھی نے لکھا، ’’جناب مودی، جب آپ خواتین صحافیوں کو عوامی فورم سے باہر رکھنے کی اجازت دیتے ہیں، تو آپ ہر ہندوستانی عورت کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ آپ ان کے لیے کھڑے ہونے میں کمزور ہیں۔ ہمارے ملک میں خواتین کو ہر جگہ مساوی شرکت کا حق حاصل ہے۔ اس طرح کے امتیاز کے سامنے آپ کی خاموشی آپ کے ’ناری شکتی‘ کے نعرے کے خالی پن کو ظاہر کرتی ہے۔‘‘

راہل گاندھی نے یہ تبصرہ اس پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے کیا جس میں پرینکا گاندھی نے وزیراعظم مودی سے براہ راست وضاحت طلب کی تھی۔ پرینکا گاندھی نے اپنی پوسٹ میں لکھا، ’’وزیراعظم نریندر مودی جی، براہ کرم طالبان کے نمائندے کی پریس کانفرنس سے خواتین صحافیوں کو خارج کیے جانے کے معاملے میں اپنا موقف واضح کریں۔ اگر آپ کی خواتین کے حقوق کی پہچان صرف انتخابی مواقع پر دکھاوا نہیں، تو ہندوستان کی سب سے اہل خواتین کے ساتھ اس توہین کو ملک میں کیسے برداشت کیا گیا، ایک ملک جس کی خواتین اس کا سہارا اور فخر ہیں۔‘‘

یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر شیئر کی گئی اور اس پر عوامی اور سیاسی حلقوں میں شدید ردِعمل بھی سامنے آیا۔ کانگریس رہنماؤں نے اس واقعے کو ہندوستان میں خواتین کے مساوی حقوق کے حق میں ایک سنگین معاملہ قرار دیا۔ یاد رہے کہ افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی جمعرات کو سات روزہ دورے پر ہندوستان پہنچے تھے اور اپنے دورے کے دوسرے دن انہوں نے ہندوستانی وزیرِ خارجہ ایس۔ جے شنکر سے ملاقات کی۔ 

ٹیگس