ایران شام کے قومی اقتداراعلی اور ارضی سالمیت کے تحفظ کی حمایت کرتا ہے : سید عباس موسوی
Oct ۲۳, ۲۰۱۹ ۱۹:۴۷ Asia/Tehran
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے شمالی شام کے حالات کے سلسلے میں روس اور ترکی کے درمیان ہونے والے سمجھوتے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ ایران ہر اس اقدام کا خیرمقدم کرتا ہے جو شام کی ارضی سالمیت اور اقتداراعلی کے تحفظ پر منتج ہو۔
روس اور ترکی کے صدور نے منگل کی شام روس کے شہر سوچی میں شمالی شام کی سیکورٹی صورت حال کے بارے میں دس شقوں پر مشتمل ایک سمجھوتے پر دستخط کئے۔ اس سمجھوتے میں شام کی ارضی سالمیت کے تحفظ پر تاکید کے ساتھ کہا گیا ہے کہ کرد ملیشیا کی تمام یونٹوں کو منبج اور تل رفعت سے باہر نکلنا ہوگا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے بدھ کو کہا کہ ایران ، شمالی شام میں جھڑپوں کا سلسلہ ختم کرنے کے لئے روس اور ترکی کے درمیان ہونے والے سمجھوتے کو علاقے میں امن و استحکام کی بحالی کے لئے مثبت قدم سمجھتا ہے۔
سید عباس موسوی نے امید ظاہر کی کہ یہ سمجھوتہ ایک جانب ترکی کی سیکورٹی تشویش دور کرنے اور دوسری جانب شام کے قومی اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کے بارے میں تشویش ختم کرنے کے اسباب فراہم کرےگا۔
سید عباس موسوی نے شمالی شام میں بیرونی فوجیوں کی موجودگی کو علاقے میں قیام امن کا موجب نہیں گردانا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ علاقے کے مسائل کا راہ حل ، علاقے کے اندر ہی ہے اور علاقے سے امریکی فوجیوں کا انخلاء امن و سیکورٹی بحال ہونے کا موجب ہوگا۔