Nov ۰۲, ۲۰۱۹ ۱۵:۰۵ Asia/Tehran
  • امریکہ اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا: ایران

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے تعمیراتی سیکٹر کےخلاف امریکی پابندیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔

امریکہ کی جانب سے ایرانی تعمیراتی سیکٹر پرعائد کی جانے والی پابندیوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی کا کہنا تھا کہ ایران کے تعمیراتی شعبے پر پابندیاں امریکی سفارتکاری کی کمزوری اور ناکامی کی علامت ہے۔ سید عباس موسوی نے کہا کہ بد قسمتی سے امریکی حکومت سفارتی اور سنجیدہ اقدامات انجام دینے سے قاصر ہے اور صرف معاشی جبر و دہشت گردی پر انحصار کررہی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ دوسرے ممالک اور عالمی تعلقات کے سامنے امریکہ کی منہ زوری کی پالیسی ایک عالمی مسئلہ بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ، خیالی پلاؤ پکانے کے بجائے ایٹمی معاہدے میں واپس آجائے اور اپنے وعدوں پرعملدرآمد کرے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے مئی دوہزار اٹھارہ میں ایٹمی معاہدے سے غیر قانونی علیحدگی اختیار کرنے کے بعد ایران پر تمام پابندیاں دوبارہ عائد کردی تھیں۔

ٹیگس