امریکہ علاقے کے حالات کو خراب کرنے کے درپے: علی لاریجانی
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ امریکہ اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے خفیہ طور طریقوں سے علاقے کے حالات کو خراب کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی نے آج اتوار کے روز پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے شام کے تیل کے بارے میں بیان کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ شاید ٹرمپ کو معلوم نہیں کہ شام کی سرزمین اور تیل شامی حکومت اور عوام کی ملکیت ہے اور امریکہ شام کی سرزمین پر جارحیت کے ذریعہ اس ملک کی تیل کی تنصیبات پر قبضہ نہیں کر سکتا۔
علی لاریجانی نے کہا کہ امریکی صدر کے بیان نے امریکی حکومت کے سامراجی، غیر انسانی اور عوام دشمنی پر مبنی ماھیت کو آشکارا کردیا ہے۔
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ علاقے کے ہوشیار عوام نے جس طرح امریکی پٹھو داعش کو شکست دی اسی طرح امریکہ کی اس سازش کو بھی ناکام بنادیں گے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے حال ہی میں کہا تھا کہ امریکہ کی فوج کا ایک حصہ شام کے تیل والے علاقوں میں تعینات رہے گا تا کہ اس طرح تیل کی حفاظت کی جائے۔