Nov ۰۴, ۲۰۱۹ ۱۰:۳۵ Asia/Tehran
  • کربلا میں ایرانی قونصل خانے پر حملہ

کربلا میں واقع ایرانی قونصل خانے پر کل رات نامعلوم افراد نے حملہ کیا۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق کل رات  چند نا معلوم شرپسند کربلا میں واقع ایرانی قونصل خانے کے سامنے اکٹھا ہوئے اور پتھراؤ کر کے ایران کے قونصل خانے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ تاہم  حملے کے بعد کربلا پولیس کا کہنا ہے کہ ایرانی قونصل خانے کے آس پاس حالات معمول کے مطابق ہیں اور حالات پر سکون ہیں۔

واضح رہے کہ نامعلوم شرپسندوں نے گزشتہ چند روز کے دوران عراق کے مختلف شہروں میں سرکاری اداروں اور سکیورٹی فورسز پر حملے کئے۔

عراقی حکام کا کہنا ہے کہ اس قسم کے حملے عوام میں اختلافات ڈالنے کے مقصد سے کئے جا رہے ہیں۔

عراق کی مسلح افواج کے ترجمان عبدالکریم خلف نے کہا کہ بعض افراد اور ذرائع ابلاغ افواہ پھیلانے اور ملک میں فتنہ اور افرا تفری پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عبدالکریم خلف نے بغداد میں جمعے کو ہونے والے مظاہروں میں کچھ مظاہرین کے ہلاک یا زخمی ہونے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بغداد کے السنک علاقے میں مظاہروں میں شریک کوئی بھی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ہے۔

بعض ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا تھا کہ بغداد میں جمعے کو ہونے والے اکا دکا مظاہروں میں چند افراد ہلاک اور زخمی ہوگئےتھے۔

ثبوت و شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ عراق میں مظاہروں کا سلسلہ ازخود شروع نہیں ہوا بلکہ اس میں اغیار کا ہاتھ ہے۔

ٹیگس