Nov ۱۱, ۲۰۱۹ ۱۴:۵۹ Asia/Tehran
  • ایران ایٹمی لحاظ سے بہترین پوزیشن میں ہے، صدر حسن روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ایٹمی ٹیکنالوجی کے میدان میں ملک کی پیشرفت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ایران ، ایٹمی طاقت کے میدان میں ہمیشہ سے زیادہ بہتر پوزیشن میں ہے۔

ایران کے صدر حسن روحانی نے پیر کو صوبہ کرمان کے شہر رفسنجان کے عوام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں ایران میں ایٹمی انرجی کے میدان میں انجام پانے والی تحقیقات اور توسیعی اقدامات جاری رہے اورآج ملک میں فعال سینٹری فیوج کی تعداد پانچ سے پندرہ قسم تک پہنچ چکی ہے۔
صدرحسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایٹمی ٹیکنالوجی کے شعبے میں تحقیق و توسیع کے میدان میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے کہا کہ ایران، دشمنوں کے مقابلے میں پوری طاقت سے ڈٹا رہے گا اور ہرگز ان کی منھ زوری کے مقابلے میں گھٹنے نہیں ٹیکے گا۔ 
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایٹمی سمجھوتے کے تحفظ کی صورت میں آئندہ برس تک ملک کو ایک عظیم دفاعی و سیکورٹی کامیابی حاصل ہوگی کہا کہ اگر اقوام متحدہ کی قرارداد بائیس اکتیس کے مطابق ایٹمی سمجھوتے کی حفاظت کی گئی تو آئندہ برس ایران پر عائد پابندیاں اٹھا لی جائیں گی اور ملک کے لئے ہتھیار خریدنے اور اس میدان میں برآمدات کا امکان پیدا ہو جائے گا۔
صدرحسن روحانی نے ایٹمی سمجھوتے میں مغرب کی بدعہدی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے ایٹمی فریق کی بدعہدی کا جواب دیتے ہوئے قدم بہ قدم ایٹمی سمجھوتے پر عمل درآمد کی سطح کم کی ہے اور یہ صحیح راستہ ہے۔

ٹیگس