Nov ۲۰, ۲۰۱۹ ۰۸:۱۰ Asia/Tehran
  • ایرانی عوام رہبر معظم اور اسلامی انقلاب کے ساتھ ہیں

ایران کے کئی شہروں میں عوام نے بلوائیوں اور شرپسندوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام نے ایک بار پھر اپنے اتحاد، یکجہتی اور ثابت قدمی سے یہ ثابت کر دیا کہ وہ ہر قسم کی سازشوں اور امریکی اور صیہونی مکر و فریب کے باوجود رہبر معظم انقلاب اسلامی اور اسلامی انقلاب کے ساتھ ہیں اور کل ایران کی فضا اللہ اکبر، اسلامی انقلاب زندہ باد، ہم مرتے دم تک رہبر کے ساتھ ہیں اورامریکہ مردہ باد ،منافقین مردہ باد اور شرپسند مردہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔

ایران کے صوبہ زنجان، مشرقی آذربائیجان  اور صوبہ چہار محال بختیاری سمیت کئی شہروں میں عوام ، بلوائیوں اور شرپسندوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے ۔

واضح رہے کہ بلوائیوں اور شرپسندوں نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو بہانہ بنا کر پرامن عوامی احتجاج سے اپنے سیاسی فوائد کے حصول کی خاطر حکومتی اور عوامی املاک کو زبردست نقصان پہنچانے کی کوشش کی لیکن ایرانی عوام نے ہوشیاری اور بیداری کے ساتھ غیر ملکی ایجنٹوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنادیا اور بلوائیوں کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے ۔ جبکہ سمنان، گیلان، مازندران اور دیگر کئی صوبوں کے عوام  نےبھی بلوائیوں کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کیا ہے۔

ایران میں جمعے کی صبح سے پٹرول کی قیمتوں میں اصلاحات پر عمل درآمد کے خلاف بعض شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے۔ زیادہ تر شہروں میں یہ مظاہرے پرامن تھے لیکن بعض مقامات پر بدمعاشوں اور اوباشوں نے عوامی مظاہروں سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے پرتشدد بنا دیا۔

وائٹ ہاؤس نے اتوار کو اپنے ایک مداخلت پسندانہ بیان میں ایران کے خلاف اپنے بے بنیاد دعووں کو ایک بار پھر دہرایا اور بلوائیوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اتوار کو اپنے درس خارج میں تیل کی قیمتوں میں اصلاح کے پروگرام پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد پیش آنے والے واقعات کے بارے میں فرمایا کہ یقینا بعض لوگوں کو اس فیصلے سے تشویش ہے تاہم تخریبی کارروائیاں اور املاک کو آگ لگانا عوام کا نہیں، شرپسندوں کا کام ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے تاکید کے ساتھ فرمایا تھا کہ انقلاب مخالفین اور ایران کے دشمن ہمیشہ اس قسم کی تخریبی کارروائیوں اور بدامنی کی حمایت کرتے ہیں اور اب بھی وہی کر رہے ہیں۔

ٹیگس