Nov ۲۰, ۲۰۱۹ ۰۹:۱۷ Asia/Tehran
  • دشمن کو ہر میدان میں پچھاڑا ہے،اقتصادی میدان میں بھی پچھاڑیں گے: رہبر انقلاب

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ ہم نے جس طرح دشمن کو تمام میدانوں میں پسپا کیا ہے اسی طرح اقتصادی جنگ میں بھی پیچھے دھکیل دیں گے۔

 رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای سے منگل کی رات صنعت کاروں اور اقتصادی میدانوں میں فعال شخصیتوں نے تہران میں ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی نے اسلامی نظام میں قومی دولت و ثروت کی اہمیت اور فلاح عامہ کے فروغ نیز بیرون ملک سے امیدیں وابستہ نہ کرنے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ کام اور بنیادی اسٹریٹیجی کے ذریعے قومی پیداوار کو فروغ دیا جا سکتا ہے اور اسے مضبوط بنا کر معیشت کو پابندیوں کے نقصان سے بچایا جا سکتا ہے اور میں اس کی حمایت کرتا ہوں اور ملک میں حقیقی پیشرفت کے راستے کا مکمل دفاع کرتا ہوں۔

حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ملکوں اور طاقتوں کے درمیان دائمی اقتصادی جنگ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ امریکہ کے موجودہ صدر کے دور میں یہ جنگ چین ، کوریا، یورپ اور دیگر علاقوں کے ساتھ بھی ظاہر ہوئی اور اس میں تیزی آئی ہے اور ایران کے سلسلے میں پابندیوں کے ذریعے وحشیانہ ، کینہ توزانہ اور جرائم کی شکل اختیار کر لی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے انقلاب کو ملکی پیداوار اور اسلحے سے مسلح کرنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ مسائل کا واحد راہ حل یہ ہے کہ ملکی پیداوار پوری سنجییدگی سے جاری رکھی جائے اور صحیح فیصلوں اور لازمی اقدامات سے رکاوٹوں کو برطرف کیا جائے اور اس راستے پر چلنے کے مثبت آثار پہلے سے ہی نمایاں ہیں۔

حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے داخلی صلاحیتوں کو لامحدود قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ انشاء اللہ بے مثال کیپسٹی اور توانائیوں کے ذریعے کہ اب تک جس کے صرف ایک حصے سے استفادہ کیا گیا ہے، اقتصادی سرگرمیوں کی برکت سے پابندیوں کو دھمکی  سے مواقع میں تبدیل کردیں گے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اعلی فوجی ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کو غیر فوجی اداروں کو منتقل کرنے کو بھی ضروری قرار دیا اور یاد دہانی فرمائی کہ برسوں پہلے ایک اسرائیلی جنرل نے کہا تھا کہ مجھے ایرانی برے لگتے ہیں لیکن میں ان کی فوجی پیشرفت کو سیلوٹ کرتا ہوں البتہ ہم نے اس وقت سے اب تک بہت سی اہم ترین اور دلچسپ کامیابیاں حاصل کی ہیں جس میں سے ایک دوہزار کیلومیٹر رینج کے بیلسٹیک میزائل کی پیداوار ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے ملت ایران اور انقلاب کے دوستوں اور دشمنوں کو مخاطب کرتے ہوئے تاکید فرمائی کہ ملت ایران نے فوجی، سیاسی اور سیکورٹی کی جنگ کے میدان میں بھی دشمن کو پسپا کر دیا ہے اور اللہ تعالی کے لطف و کرم سے اقتصادی جنگ میں بھی دشمن کو پوری طرح پیچھے دھکیل دیں گے اور پیداوار کے فروغ اور اقتصادی ترقی کے  سفر کو جاری رکھتے ہوئے  اپنے مستقبل کو تابناک بنا دیں گے ۔

ٹیگس