ایشیاء کے اہم ممالک سے قریبی تعلقات، ایران کی پہلی ترجیح
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ مشرق کی صورتحال پر نگاہ اور ایشیاء کے اہم ممالک سے قریبی تعلقات ہمیشہ سےایران کی ترجیحات میں شامل رہے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے آج منگل کے روز کوالالمپور سمٹ میں شرکت کے لئے ملائیشیا روانہ ہونے سے قبل کہا کہ اس اجلاس میں عالم اسلام کے مسائل اور چند جانبہ روابط کا جائزہ لیا جائے گا۔
صدر مملکت حسن روحانی نے عالم اسلام کی جغرافیائی پوزیشن، توانائی، افرادی قوت، صنعت اور تمدن و ثقافت میں پائی جانے والی توانائی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت جنگ و خونریزی،اغیار کی مداخلت اور ترقی کا فقدان عالم اسلام کو در پیش مسائل میں سے ہیں۔
ایران کے صدر نے ملائیشیا اور جاپان کے ساتھ ایران کے روابط کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف امریکہ کی ظالمانہ پابندیاں پائیدار نہیں ہیں اور دنیا کے ممالک ایران کے ساتھ قریبی تعلقات چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ آج صبح ایران کے صدر حسن روحانی عالمی کوالالمپور سمٹ 2019 میں شرکت کے لئے ملائیشیا روانہ ہوگئے.
ایرانی صدر ملائیشیائی وزیر اعظم مہاتیر محمد کی دعوت پر اس اجلاس میں شریک ہوں گے.2019 کوالالمپور سمٹ کا 18 سے 21 دسمبر کو انعقاد کیا جائے گا جس میں 52 ممالک کے 400 نمائندوں سمیت 250 سیاستدانوں، صدور اور رہنما شریک ہوں گے.اس عالمی اجلاس میں شریک افراد اسلامی ممالک کے اہم چیلنجز، دنیائے اسلام میں موثر مسائل اور ان چیلنجز کے حل پر تبادلہ خیال کریں گے.
یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ملائشیا کا تین روزہ دورہ کرنے کے بعد جاپان روانہ ہوجائیں گے۔