Dec ۲۱, ۲۰۱۹ ۱۴:۲۶ Asia/Tehran
  • صدر روحانی کا دورہ ملیشیا اور جاپان مکمل

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی جاپان کا اپنا دورہ مکمل کرکے ٹوکیو سے واپس تہران کے لئے روانہ ہوگئے ہیں

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے جاپانی وزیراعظم کی دعوت پرانجام پانے والے اپنے ایک روزہ سرکاری دورے میں ٹوکیو میں جاپان کے وزیراعظم آبہ شینزو سے اہم دوطرفہ علاقائی اور عالمی مسائل پر بات چیت کی ۔ صدر حسن روحانی نے ٹوکیو سے تہران کے لئے روانہ ہونے سے قبل جاپانی صنعتکاروں ، اقتصادی ماہرین اور نظریہ پردازوں کے اجلاس سے بھی خطاب کیا اور دونوں ملکوں کے اقتصادی اور سیاسی تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔ صدر حسن روحانی نےجاپان کے اقتصادی ماہرین ، صنعتکاروں اور شخصیات سے اپنے خطاب میں ایران اور جاپان کے دوستانہ تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کی حکومتیں اپنے رشتوں کو اور زیادہ مستحکم بنانے میں پرعزم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جاپانی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کے لئے ایران کے دروازے بدستور کھلے ہیں اور یہ کمپنیاں چابہار جیسے اہم پروجیکٹوں میں فعال سرمایہ کاری کرسکتی ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کا یہ دورہ مختلف سائنسی ، ثقافتی ، سیاسی اور اقتصادی میدانوں میں ایران اور جاپان کے درمیان تعلقات میں پہلے سے بھی زیادہ توسیع کا باعث بنےگا ۔ قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹرحسن روحانی نے ملیشیا میں اپنے قیام کے دوران کوالالامپور میں اسلامی ملکوں کے سربراہی اجلاس میں خطاب کرنے کے ساتھ ساتھ ملیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد، ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے الگ الگ ملاقات بھی کی 

ٹیگس