بیرونی افواج کی مداخلت ، علاقے میں کشیدگی کا باعث ہے : وزیرخارجہ
ایران کے وزیر خارجہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ تہران علاقے میں کشیدگی نہیں چاہتا تاکید کی کہ علاقے سے باہر کی قوتوں اور فوجیوں کی موجودگی اور مداخلت، خطے میں عدم استحکام، بدامنی اور کشیدگی میں اضافے کا باعث ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے سنیچر کو تہران میں قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی سے ملاقات میں سپاہ قدس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کرنے کے امریکی فوجی اقدام کو دہشتگردانہ قرار دیا اور کہا کہ اس کے نتائج کی ذمہ داری امریکی حکومت پر عائد ہوگی۔اس ملاقات میں قطر کے وزیر خارجہ نے گذشتہ روز کے بعد پیدا ہونے والے حالات کو حساس اور تشویشناک قرار دیا اور کہا کہ علاقے میں امن و سکون کی بحالی اور کشیدگی کم کرنے کے لئے پرامن راہ حل تلاش کرنا چاہئے۔ایران اور قطر کے وزرائے خارجہ نے باہمی تعلقات کی تازہ ترین صورت حال اور اہم ترین علاقائی و عالمی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔