Jan ۰۷, ۲۰۲۰ ۱۲:۴۰ Asia/Tehran
  • شہدائے استقامت کے خون کا بدلہ لئے جانے پر تاکید

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر، جنرل حسین سلامی نے شہدائے استقامت کے خون کا بدلہ لئے جانے پر زور دیا ہے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی  کے کمانڈر، جنرل حسین سلامی نے کرمان میں جنرل قاسم سلیمانی اور شہید پور جعفری کے جنازے کے اجتماع سے خطاب میں ایرانی قوم کو یقین دلایا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی اور دیگر شہدائے استقامت کے خون ناحق کا بدلہ ضرور لیاجائے گا۔

جنرل حسین سلامی نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت اس خطے میں عالمی سامراج کی موجودگی کے خاتمے کا نقطہ آغاز ہے۔

انھوں نے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی نے اس خطے میں امن و سلامتی کو درہم برہم کرنے کے امریکا کے منصوبے کو خاک میں ملادیا۔

انھوں نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی نے استقامتی محاذ کو کمزور کرنے کی امریکا اور صیہونی حکومت کی سازشوں کو بھی ناکام بنادیا تھا اس لئے ان کی دشمنی کے نشانے پر تھے۔انھوں نے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی نے تحریک فلسطین کو دوبارہ زندہ کیا اور غاصب صیہونی حکومت کے گرد فلسطینیوں کی طاقت و توانائی کا حصار کھینچ دیا۔

جنرل حسین سلامی نے کہا کہ آج پوری دنیا کی مسلم اور غیر مسلم اقوام کے دلوں میں امریکا سے دشمنی کی چنگاری وجود میں آچکی ہے اور اب امریکا کے لئے دنیا کا کوئی بھی علاقہ محفوظ نہیں رہا۔

ٹیگس