امریکیوں کو ایران کا حتمی جواب علاقے سے امریکی فوجوں کو بھاگنے پر مجبور کرنا ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے امریکی دہشتگردوں سے سخت انتقام کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے امریکی جرائم کا حتمی انتقام انھیں علاقے سے امریکی فوجوں کو باہر بھگانا ہے -
ایران کے صدر حسن روحانی نے بدھ کو کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ عراق میں جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کو شہید کرنے کا امریکیوں کا اقدام ، تمام بین الاقوامی اصولوں اور معیارات کے منافی ، ایک جنگی جرم اور بین الاقوامی دہشتگردی ہے۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ امریکی اپنے اس مجرمانہ قدم سے اپنے اہداف کے حصول میں ناکام رہے ہیں۔
صدر حسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ جنرل سلیمانی نہایت سوچ سمجھ کر کام کرتے تھے اور کبھی بھی افراط و تفریط کا شکار نہیں ہوتے تھے کہا کہ شہید سلیمانی کا مقصد ایران کی سیکورٹی ، علاقے کا ثبات و استحکام ، بیت المقدس کی آزادی ، علاقے کے ممالک کے ذریعے ہی خطے کی سیکورٹی کو یقینی بنانا اور علاقے کی قوموں کی آزادی کی نعمت سے سرفراز رکھنا تھا۔
صدر حسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امریکہ کو اصلی جواب علاقے کی قومیں دیں گی کہا کہ اگر امریکہ نے اس کے بعد کسی جرم کا ارتکاب کیا تو اسے منھ توڑ جواب ملے گا۔
قابل ذکر ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے بدھ کو عراق کے صوبہ الانبار کی عین الاسد چھاؤنی پر دسیوں میزائل فائر کر کے جارح اور دہشتگرد امریکی فوجیوں کے مجرمانہ اور دہشتگردانہ اقدام کا منھ توڑ جواب دیا ہے۔