طیارہ حادثہ، سپاہ کی ایرو اسپیس کے کمانڈر کی پریس بریفنگ
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر نے انسانی غلطی کے نتیجے میں یوکرین کے مسافر طیارے کی تباہی کے حادثے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ علاقے میں امریکا کی شیطنت اور اس کے ذریعے پھیلائی گئی بدامنی کی وجہ سے پیش آیا ہے -
یوکرین کا ایک مسافر طیارہ بدھ کی صبح تہران میں امام خمینی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب حادثہ کا شکار ہوگیا تھا جس میں سوار سبھی ایک سو ساٹھ سے زائد مسافر اور عملے کے افراد جاں بحق ہوگئے تھے -
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر امیرعلی حاجی زادہ نے ایک پریس کانفرنس میں اس حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت کی دھمکیوں اور ایران کی فضائی حدود کے آس پاس دشمن کے بہت سے طیاروں کی مسلسل پرواز کے پیش نظر ایران کی مسلح افواج پوری طرح الرٹ تھیں کہ اسی اثنا میں ایک فوجی کے جلد بازی میں کئے گئے فیصلے کی وجہ سے یہ افسوسناک حادثہ پیش آگیا -
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بھی یوکرین کے مسافرطیارے کی تباہی کے بارے میں ایران کی مسلح افواج کی تحقیقات کے نتائج کے سامنے آجانے اور اس حادثے میں انسانی غلطی ثابت ہوجانے کے بعد ہفتے کو اپنے ایک پیغام میں اس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے ایک بار پھر ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مسلح افواج کو ہدایت دی کہ آئندہ اس طرح کے واقعات کی تکرار کی روک تھام کے لئے ضروری تدابیر اپنائی جائیں ۔