تہران میں ایران اور شام کے وفود کے درمیان صلاح و مشورے
Jan ۱۳, ۲۰۲۰ ۱۷:۰۰ Asia/Tehran
ایران کے نائب صدر اور شام کے وزیراعظم نے مختلف سیاسی، اقتصادی اور سیکورٹی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے پیر کو تہران میں شام کے وزیراعظم عماد خمیس کا خیرمقدم کیا۔
ایران کے نائب صدر اور شام کے وزیراعظم کی سربراہی میں دونوں ملکوں کے وفود کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیردفاع جنرل امیر حاتمی، وزیر برائے روڈ اینڈ اربن ڈیویلپمنٹ محمد اسلامی، شام کے وزیر خارجہ ولید معلم اور شام کے وزیر دفاع علی عبداللہ ایوب بھی موجود تھے۔
اس سے قبل ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری اور شام کے وزیراعظم عماد خمیس نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور اہم ترین علاقائی و عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
دہشتگردی کے خلاف جنگ میں علاقائی تعاون جاری رکھنے، شامی پناہ گزینوں کی وطن واپسی، شام کی تعمیر نو، اس ملک کی ارضی سالمیت کا تحفظ، بالخصوص شام سے امریکی فوجیوں کا انخلاء ایران کے نائب صدر اور شام کے وزیراعظم کے درمیان گفتگو کے اہم ترین موضوعات تھے۔