دنیا کو اسلامی جمہوریت سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے، رہبر انقلاب اسلامی (مختصر خبر)
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے حج کے موقع پر اسلامی جمہوری نظام کے رول ماڈل کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی ضرورت پر تاکید فرمائی ہے۔
پیر کی صبح محکمہ حج کے عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ دنیا کو اسلامی جمہوری نظام کے رول ماڈل سے روشناس کرانے کے لیے حج کے عظیم اجتماع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔
آپ نے فرمایا کہ دنیا اسلامی جمہوری نظام کے رول ماڈل سے آشنا نہیں ہے اور اس کے مقابلے میں لاکھوں ابلاغیاتی ذرائع اس نظام کے خلاف پروپیگنڈے میں مصروف ہیں۔
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایران کے خلاف امریکہ کی دشمنی اور ایرانی عوام کی جانب سے اس کی دھمکیوں کے سامنے ڈٹ جانے کے معاملے کو بھی حج کے موقع پر دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی کوشش کی جائے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایک سیاسی، عقیدتی اور اجتماعی تحریک کے طور پر حج کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ بہت سے ممالک حج کی اہمیت اور اس کلیدی کردار سے غافل ہیں حالانکہ حج ایک ٹھوس اور بین الاقوامی تحریک کا پیش خیمہ ہے اور اس سے امت مسلمہ کے لیے بیش بہا فوائد کی توقع کی جاسکتی ہے۔