Jan ۲۶, ۲۰۲۰ ۱۰:۰۴ Asia/Tehran
  • ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ کی امریکی پالیسی شکست سے دوچار: عراقچی

نائب ایرانی وزیر خارجہ برائے سیاسی امور نے قدس فورس کے کمانڈر جنرل قآانی کیخلاف امریکہ کے ایک عہدیدار کی ہرزہ سرایوں کے رد عمل میں کہا ہے کہ امریکہ کی زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی شکست کھا چکی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امورسید عباس عراقچی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں امریکی عہدیدار کی ہرزہ سرایوں کے رد عمل میں کہا کہ ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ کی امریکی پالیسی شکست سے دوچار ہو گئی ہے۔

سید عباس عراقچی نے مزید کہا کہ  ہر چند کہ ایران کیخلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی پالیسی کوشکست  ہوئی لیکن وائٹ ہاوس کے حکام جوجنگی جنون میں مبتلا ہیں اور ایران کے بارے میں کچھ بھی نہیں جانتے اسی پالیسی کو اپنانے کے حق میں ہیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایران کے امور میں امریکہ کے خصوصی نمائندے برائن ہوک نے حالیہ دنوں میں دعوی کیا تھا کہ اگر ایرانی قدس فورس کے نئے کمانڈر بھی جنرل سلیمانی کے نقش قدم پر چلیں گے تو ان کا انجام بھی جنرل قاسم سلیمانی جیسا ہوگا۔

واضح رہے کہ 3 جنوری کو عراق کے دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ پر امریکہ کی جانب سے راکٹ حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں پاسداران انقلاب  کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابومهدی المهندس اور ان کے کئی ساتھی شہید ہوگئےتھے۔

پاسداران انقلاب کی فضائیہ نے امریکی حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کا بدلہ لیتے ہوئے عراق میں امریکیوں کے زیر استعمال فوجی اڈوں پر میزائل حملے کیےجن میں امریکہ کو کافی جانی اور مالی نقصانات ہوئے۔

 

ٹیگس