قتل کی دھمکی پر امریکہ پچھتانا پڑے گا، جنرل سلامی کا انتباہ
Jan ۲۷, ۲۰۲۰ ۱۹:۵۳ Asia/Tehran
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے امریکہ کو خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی کمانڈروں کو قتل کی دھمکیاں دینے والے اگر زندہ رہے تو ضرور پشیمان ہوں گے۔
جنرل حسین سلامی نے پیر کو امریکیوں کی جانب سے سپاہ پاسداران کے کمانڈروں کو قتل کرنے کی دھمکی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ کے دشمنوں کو جان لینا چاہئے کہ اگر وہ ایرانی کمانڈروں کو قتل کی دھمکی دیں گے تو ان کا کوئی بھی کمانڈر محفوظ نہیں رہے گا۔
جنرل سلامی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اگر دشمن، اپنے تخریبی اقدامات کو جاری رکھے گا تو اسےایسے حالات کا سامنا کرنا پڑے گا جو اس کے کنٹرول سے باہر ہوں گے۔
انھوں نےکہا کہ جب امریکہ، ایران کو پرامن ایٹمی ٹیکنالوجی حاصل کرنے سے نہ روک سکا تو ایران کے ایٹمی سائنسدانوں کو قتل کرنے پر اتر آیا اور جب سیاسی، اقتصادی، نفسیاتی اور فوجی میدانوں میں ناکام ہوا تو دہشت گردی پر اتر آیا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے تاکید کے ساتھ کہا کہ امریکہ، صیہونی حکومت اور اس کے سہارے چلنے والی دیگر حکومتیں بنیادی طور پر قاتل حکومتیں ہیں اور اس وقت وہ اس حقیقت کا پوری طرح اعتراف کرنے پر مجبور ہیں۔
جنرل سلامی نے مزید کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کرنے کا جرم اور سپاہ قدس کے نئے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی کے قتل کی دھمکی اس حقیقت کا آئینہ دار کہ امریکہ اور صیہونی حکومت دہشت گرد حکومتیں ہیں۔