Feb ۱۱, ۲۰۲۰ ۱۲:۰۳ Asia/Tehran
  • امریکہ کی دشمنی کا سبب ایران کی پیشرفت ہے: جشن آزادی کی ریلی سے صدر کا خطاب

اسلامی انقلاب کی 41 ویں سالگرہ کی ریلی کے شرکاء سے صدر مملکت نے خطاب کیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے آزادی اسکوائر میں اسلامی انقلاب کی 41 ویں سالگرہ کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران مشرق وسطی میں سب سے بڑی طاقت ہے اسی لئے امریکہ اور اسرائیل، ایران کے خلاف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کو تکلیف یہ ہے کہ ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد ایرانی عوام ہی حکومت کا انتخاب کرتے ہیں جبکہ ماضی میں ایسا نہیں تھا بلکہ امریکہ ایران میں شاہ کا انتخاب کرتا تھا۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ایران کے عوام کو انتخاب کا حق حاصل ہے اور امریکہ اس کوشش میں ہے کہ ایران کو 40 سال پیچھے دھکیل دیا جائے لیکن ایرانی عوام یہ نہیں چاہتے اور اسی لئے امریکہ ایران کے اسلامی نظام اورعوام کا دشمن ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) نے یکم فروری کو ایران آمد کے موقع پراپنے پہلے خطاب میں فرمایا تھا کہ ہم عوامی آزادی و خودمختاری اور عوام کی حکمرانی کے حامی ہیں اور حضرت امام خمینی (رح) آخری عمر تک اپنے اس موقف اور راستے پر گامزن رہے اور عوام نے امام خمینی (رح) کی صداقت کو قریب سے محسوس کیا۔

حسن روحانی نے عظیم الشان عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے قدس بریگیڈ کے کمانڈر شہید قاسم سلیمانی کے جلوس جنازہ اور تدفین میں عوام کی بھرپور شرکت پرعوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام نے سڑکوں پرنکل کر امریکہ سے انتقام لینے کا مطالبہ کیا اور ایران کی مسلح افواج نے عوامی مطالبے کو پورا کرتے ہوئے عراق میں امریکی دہشتگردی کے اڈے عین الاسد پر میزائلوں کی بارش کردی۔

 

ٹیگس