Feb ۱۲, ۲۰۲۰ ۰۸:۱۰ Asia/Tehran
  • آئی اے ای اے سیاسی مفادات سے دور رہ کر اپنا فرض منصبی ادا کرے: ایران

علی اکبر صالحی نے کہا ہے کہ ایران کسی قسم کے دباؤ میں آکر کوئی فیصلہ نہیں کرتا۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے ایٹمی انرجی کے ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے منگل کی شب آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے کے سربراہ رافائل گروسی سے ملاقات کی۔

اس ملاقات میں علی اکبر صالحی نے کہا کہ ایران کسی سے مرعوب ہوئے بغیر اپنا فیصلہ کرتا ہے۔انہوں نے ایران اور ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے تعلقات کو مطلوب قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تعلقات مستقبل میں مزید فروغ پائیں گے۔

علی اکبر صالحی نے رافائل گروسی سے ہونے والی ملاقات میں کہا کہ ایران اہل منطق ہے اور مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔ صالحی نے آئی اے ای اے کی خود مختاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایجنسی کو اپنے فیصلوں میں سیاسی مفادات سے دور رہ کر اپنا فرض منصبی ادا کرنا چاہئے۔

ایران کے ایٹمی انرجی کے ادارے کے سربراہ نے اپنے فرانسیسی ہم منصب فرانسوا ژاک سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے یورپی فریقوں کی جانب سے جامع ایٹمی معاہدے کی پابندی نہ کئے جانے پرکڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اس قسم کی صورتحال کسی کے حق میں نہیں ہو گی۔

ٹیگس