Feb ۲۰, ۲۰۲۰ ۲۲:۴۶ Asia/Tehran
  • ایران کے خلاف امریکہ  کا ایک اور بھونڈا اقدام

امریکی حکومت نے مجلس شورای اسلامی(پارلیمنٹ) کے کل ہونے والے انتخابات کے موقع پر ایرانی گارڈین کونسل(مجلس خبرگان) کے کئی اراکین کو اپنی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کی وزارت خزانہ نے آج مجلس شورای اسلامی(پارلیمنٹ) کے کل ہونے والے گیارہویں دور کے انتخابات کے موقع پر ایرانی گارڈین کونسل(مجلس خبرگان) کے سیکریٹری آیت‌الله احمد جنتی اور آیت‌الله محمد یزدی پر پابندی عائد کی۔ 

امریکہ کی وزارت خزانہ کے بیان کے مطابق پابندی کا اطلاق ایرانی گارڈین کونسل(مجلس خبرگان) کے ترجمان عباس علی کدخدایی اور ایرانی گارڈین کونسل(مجلس خبرگان) کے  قانونی ماہرین سیامک ره‌ پیک اور محمدحسن صادقی مقدم پر بھی ہو گا۔

امریکہ نے یہ پابندی ایسے میں لگائی ہے کہ جب  کل 21 فروری بروز جمعہ  ایران بھر میں مجلس شورای اسلامی کے انتخابات ہونے والے ہیں۔

امریکی حکومت نے ایران کے داخلی امور میں اپنی مداخلت پسندانہ روش کو جاری رکھتے ہوئے ایران کے انتخابات کو ڈھونگ قرار دیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت حارجہ کے ترجمان سیدعباس موسوی نے ایران کے انتخابات کے حوالے سے امریکی مداخلت پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں انتخابات  عالمی معیار کے مطابق ہوتے ہیں اور ایرانی عوام امریکہ کی مداخلت پسندانہ ماہیت کو بخوبی جانتے ہیں۔

 

ٹیگس