انسداد کرونا، تین روز میں صورتحال معمول پر لوٹ آئے گی، صدر ایران
صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے مقابلے کے لیے ملک پوری طرح تیاری کی حالت میں ہے۔
انسداد کرونا وائرس سے متعلق قومی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام اسپتال کرونا وائرس کے انسداد کے لیے ضروری آلات اور وسائل سے پوری طرح لیس ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اینٹی سیپٹک مواد اور ماسک کی کوئی قلت نہیں ہے اور متعلقہ ادارے ایک دوسرے کے ساتھ پوری طرح تعاون کر رہے ہیں۔ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ معاشرے میں خوف و ہراس پھیلانا، ایران کو مفلوج کرنا، دشمن کی سازشوں اور منصوبوں کا حصہ ہے اور بعض ذرائع ابلاغ ایسی خبریں اور رپورٹیں شائع کر رہے ہیں جن کا حقیقت سے دور کا بھی واسطہ نہیں۔صدر ایران نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران کے عوام اپنی ہوشیاری اور وزارت صحت کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایات پر عمل کرکے دشمنوں کی سازش کو ناکام بنا دیں گے۔انہوں نے کہا آئندہ تین روز میں صورتحال پوری طرح معمول پر لوٹ آئے گی اور ضرورت پڑنے پر ہی قومی کمیٹی برائے انسداد کرونا، کسی مرکز یا مراکز کی بندش اور مخصوص اجتماعات کے انعقاد کی منسوخی کا فیصلہ کرے گی۔ایران کی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا وائرس سے انیس افراد کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ ایک سو انتالیس افراد اس وائرس میں حتمی طور پر مبتلا پائے گئے ہیں۔