Feb ۲۹, ۲۰۲۰ ۱۸:۰۶ Asia/Tehran
  • سبھی ممالک آپسی تعاون کے ذریعے کرونا کا مقابلہ کریں ، وزیرخارجہ ظریف

ایران اور چین کے وزرائے خارجہ نے اپنی ٹیلی فونی گفتگو میں کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔

وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ٹیلیفونی گفتگو میں تہران کو چین کی جانب سے دی گئی فنی اور دیگر امداد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کرونا وائرس اور وبا کو ایک عالمی مسئلہ بتایا اور کہا کہ کرونا کا مقابلہ کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ سبھی ممالک سیاسی مقاصد سے بالاتر ہو کر آپس میں تعاون کریں -

وزیرخارجہ نے کرونا وائرس کو ختم کرنےکے لئے چین اور ایران کے محققین اور ماہرین کے مشترکہ تعاون کا خیر مقدم کیا - چین کے وزیرخارجہ وانگ یی نے بھی اس ٹیلی فونی گفتگو میں ایران میں کرونا وائرس کے پھیلنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیجنگ تہران کو زیادہ سے زیادہ امداد پہنچانے اور اپنے تجربات منتقل کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ ایران کرونا وائرس کا بہتر طریقے سے مقابلہ کرسکے ۔ چین کے وزیرخارجہ نے ایرانی وزیرخارجہ کا اس بات پر شکریہ ادا کیا کہ وہ پہلے غیر ملکی اعلی عہدیدار تھے جنھوں نے چین میں کرونا وائرس پھیلنے کے بعد چین کی حکومت اور عوام سے ہمدردی کا اظہار کیاتھا - کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے ایران کے لئے چین کی امداد کی پہلی کھیپ تہران پہنچ گئی ہے - اس امدادی کھیپ میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ کا سامان اور دیگر طبی آلات و ساز و سامان شامل ہیں -

ٹیگس