Feb ۲۹, ۲۰۲۰ ۱۸:۵۸ Asia/Tehran
  • کرونا کے خلاف ایران میں جنگی پیمانے پر مہم جاری

اسلامی جمہوریہ ایران میں ملی عزم و ارادے کے ساتھ کرونا وائرس کے خلاف جنگی پیمانے پر مہم شروع کردی گئی ہے

ایران کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اب تک کرونا کے ایک سو تیئیس مریض صحت یاب ہو کراسپتالوں سے اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں ۔ ایران کی وزارت صحت کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ کیانوش جھانپور نے سنیچر کو نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں اب تک پانچ سو ترانوے افراد کرونا میں مبتلا پائے گئے ہیں اور افسوس کہ ان میں سےتینتالیس افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور ایک سو تیئیس مریض صحت یاب ہوکر اسپتالوں سے گھروں کو لوٹ چکےہیں - ایران کے بعض شہروں میں کرونا وائرس کے پھیلنے اور اس سلسلے میں انجام پانے والے ٹیسٹ کے نتائج کے بعد وزارت صحت کے عہدیداروں نے دیگر سبھی اداروں کے ساتھ مل کر امریکی پابندیوں کے باوجود علاقے میں اس وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے اپنی پوری کوشش انجام دی جو بدستورجاری ہے ۔

ایران کے عوام اور حکام نے ملک بھر کے استپالوں اور طبی مراکز میں کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں مصروف ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی انتھک کوششوں کو سراہا ہے۔

ایران بھر کے اسپتال اور مخصوص طبی مراکز کرونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے ضروری وسائل سے لیس ہیں اور ملک کے اندر کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے لازمی طبی وسائل اور آلات کی فراہمی اور ترسیل کا کام کسی وقفے کے بغیر جاری ہے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور بری فوج سمیت ایران کی مسلح افواج کے تمام دستوں نے جو اب تک سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں قوم کی خدمت میں مصروف تھے، کرونا وائرس سے مقابلے کے لیے سول انتظامیہ کی بھرپور مدد کا اعلان کردیا ہے۔

ایران کی مسلح افواج کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج سے وابستہ تمام اسپتال اور طبی مراکز کرونا وائرس کے مقابلے کی غرض سے عوام کے لیے کھول دیئے گئے ہیں اور ضرورت پڑنے پر مختلف شہروں میں فیلڈ ہاسپٹلوں کے قیام کی تیاریاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کی مسلح افواج حکومت ایران کی درخواست پر کسی بھی علاقے میں کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے فیلڈ ہاسپٹل فوری طور پر قائم کرنے کےلئے تیار ہیں ۔

یہ بات پورے اطمینان کے ساتھ کہی جاسکتی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں کرونا وائرس کو شکست دینے کی مہم اب بھرپور شکل اختیار کرگئی ہے اور ان کے مثبت نتائج جلد آنا شروع ہوجائیں گے۔

کرونا وائرس ٹیسٹ کٹ جو اس بیماری میں مبتلا افراد میں اس مرض کی تشخیص کا اہم ذریعہ شمار ہوتی ہے ایران کی وزارت دفاع کے ماہرین نے تیار کرلی ہے اور تہران کے پاستور انسٹی ٹیوٹ نے اس ٹیسٹ کے بعد اس کی کارکردگی کا سرٹیفیکٹ جاری کردیا ہے۔

ٹیگس