Mar ۰۴, ۲۰۲۰ ۲۰:۲۰ Asia/Tehran
  • چین کی دوسری امدادی کھیپ ایران کے لئے روانہ

چین کے شہر شنگھائی اور اس شہر کی مختلف کمپنیوں نے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے دوسری امدادی کھیپ روانہ کردی ہے

ارنا کی رپورٹ کے مطابق جنوب مشرقی چین کے شہر شانگھائی سے ایران کے لئے روانہ کی جانے والی امدادی اشیاء میں وائرس کا پتہ لگانے والی پندرہ ہزار کٹیں، تقریبا چھے ہزار ایزولہ ڈریس اور پچاس ہزار کے قریب تنفس کے آلات شامل ہیں جنہیں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصلر کی مدد سے تہران روانہ کردیا گیا ہے۔

شانگھائی میں ایران کے قونصلر رمضان پرواز نے اس موقع پر کہا کہ کورونا وائرس اپنی تمام تر برائیوں کے باوجود اس بات کا باعث بنا ہے کہ دو ملک اور دو عظیم قومیں ایران اور چین ایک دوسرے سے مزید قریب آگئی ہیں۔

شانگھائی میں ایران کے قونصلر نے کہا کہ ایران ، کورونا وائرس پھیلنے کے وقت سے ہی ملت چین کے ساتھ رہا ہے اور چین کے عوام اور حکومت نے بھی ثابت کر دیا ہے کہ وہ کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے ایرانی عوام کے مددگار ہیں۔

ایران کی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق ایران میں اب تک دوہزار تین سو چھتیس افراد کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے ستتر افراد اپنی جان سے ہاتھ دھوچکے ہیں۔

کورونا وائرس دسمبر دوہزار انیس میں چین کے صوبہ ووہان سے پھیلنا شروع ہوا ہے ۔ یہ وائرس چین کے تیس صوبوں سمیت دنیا کے اسی سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اب تک دنیا بھر میں بانوے ہزار افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں جن میں سے اڑتالیس ہزار سے زائد افراد صحتیاب اور تین ہزار سے زیادہ ہلاک ہو چکے ہیں۔

درایں اثنا ایران اور ناروے کے وزرائے خارجہ نے کورونا وائرس سے مقابلے کی راہوں کا جائزہ لیا۔ ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف اور ناروے کے وزیرخارجہ اینہ اریکسن سوریدہ نے ٹیلی فونی گفتگو میں کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے باہمی تعاون پر بات چیت کی۔

ٹیگس