Mar ۱۹, ۲۰۲۰ ۱۱:۲۵ Asia/Tehran
  • آج پورے ایران میں ہوگی دعا و مناجات کی گونج!

اسلامی تبلیغات کی کوآرڈینیشن کاؤنسل نے ایک بیان جاری کر کے ایرانی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آج ۲۰ مارچ کی شب ٹھیک آٹھ بجے ٹی وی سے براہ راست نشر ہونے والی دعائیہ محفل میں شامل ہوں۔

کونسل کے اعلان کے مطابق وبائی بیماری کے نتیجے میں ملک میں پیدا ہونے والے حالات کے پیش نظر، آستان قدس رضوی کے تعاون سے ایک دعائیہ محفل کا اہتمام کیا گیا جس میں تمام ایرانی عوام کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

یہ دعائیہ محفل فرزند رسول امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی شب شہادت کے موقع پر آپ کے فرزند امام رضا علیہ السلام کے روضۂ اقدس سے براہ راست ٹی وی چینل پر نشر کی جائے گی۔

اس روح پرور محفل میں دعائے توسل کی تلاوت ہوگی جس میں مومنین اور مسلمین اپنی اشک بار آنکھوں کے سہارے پیغمبر رحمت صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور آپؑ کی آل طاہرہ کو بارگاہ خداوندی میں وسیلہ قرار دے کر بلاؤں اور مشکلوں سے نجات پانے کے لئے بارگاہ رحمٰن میں ہاتھ اٹھائیں گے۔

یہ پروگرام پاکستان کے وقت کے مطابق ۹:۳۰ بجے جبکہ ہندوستان کے وقت کے مطابق ٹھیک ۱۰ بجے شب براہ راست مشہد مقدس سے نشر کیا جائے گا۔

ٹیگس

کمنٹس