ایران، کورونا کے خلاف جنگ جاری، تقریبا 7 ہزار افراد ہوئے ڈسچارج
ایران میں کورونا وائرس سے متاثرین افراد میں سے اب تک 6 ہزار 745 افراد کو علاج کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
ایران کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اب تک ملک میں 19 ہزار 644 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے اب تک 1 ہزار433 افراد کی موت ہو چکی ہے۔
ایران کے نائب وزیر صحت علی رضا رئیسی نے جمعے کو نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تقریبا ایک تہائی افراد کا کامیاب علاج کیا جا چکا ہے۔
نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں کورونا وائرس سے متاثر افرادکی تعداد 19 ہزار 644 ہے جبکہ 6 ہزار 745 لوگوں کا علاج کرکے انہیں گھر بھیجا جا چکا ہے۔
کورونا وائرس چین کے علاوہ دنیا کے 175 ممالک تک پہنچ چکا ہے اور آخری اطلاعات کے مطابق اس وائرس سے پوری دنیا میں 2 لاکھ 43 ہزار 190 سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ پوری دنیا میں 85 ہزار 115 سے زائد افراد کامیاب علاج کیا جا چکا ہے جبکہ 10 ہزار 285 افراد اس خطرناک وائرس کی وجہ سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
چین میں اس وائرس سے 3248، اٹلی میں 3405، اسپین میں 1002، فرانس میں 272، امریکا میں 150، برطانیہ میں 144، جنوبی کوریا میں 94، ہالینڈ میں 58 اور جاپان میں 32 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔