Mar ۲۸, ۲۰۲۰ ۱۱:۰۷ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ سے ایران کو توقع، پابندیوں کا ہوگا خاتمہ

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے ایران کی سفارتکاری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹینو گوٹریش کی کورونا سے مقابلہ کرنے کی کوششیں، امریکہ کی غیر قانونی پابندیوں کے خاتمے کا باعث بنیں گی۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے کل صحافیوں سے گفتگو میں اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ایران طب کے شعبے اور اس سے مربوط وسائل کی نظر سے بہتر پوزیشن میں ہے کہا کہ امریکہ کی ظالمانہ پابندیاں اس بات کا باعث بنیں کہ ایران کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنی تمام صلاحتیوں سے استفادہ نہ کر سکے۔

مجید تخت روانچی نے کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے عالمی سطح پر ہم آہنگی اور باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف پابندیاں انسانیت پر حملہ ہے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے ایران کے خلاف پابندیوں کے خاتمے سے متعلق دنیا کے 8 ممالک کی جانب سے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے نام خط کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی یکطرفہ پابندیاں، دنیا کے ممالک کی جانب سے کورونا کا مقابلہ کرنے کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

عالمی سطح پر ایران کے خلاف جاری امریکی پابندیوں کے خاتمے کے مطالبوں اور دباؤں کے باوجود امریکی حکام ایران کے خلاف  یکطرفہ پابندیوں کو اٹھانے سے انکار کر رہا ہے۔

ٹیگس