کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے عالمی تعاون اور پابندیوں کا خاتمہ ضروری ہے
Apr ۰۱, ۲۰۲۰ ۰۹:۲۹ Asia/Tehran
قم کی دینی درسگاہوں کے سربراہ نے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے عالمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے شہر قم کی دینی درسگاہوں کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے منگل کے روز مصر کے مفتی احمد الطیب شیخ الازہر کے نام ایک خط میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر روشنی ڈالتے ہوئے اس عالمگیر وبائی مرض کا مقابلہ کرنے کیلئے عالمی تعاون اور پابندیوں کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ دنیا اور اسلامی ممالک میں کورونا وائرس مختلف مذاہب، علماء، عوام اور شخصیات کے دکھ درد اور رنج و مصائب کی وجہ بنا ہے کہا کہ ہمیں عالمی سامراج، انسانیت کے دشمن، آزاد و خود مختار ممالک اور عوام کے بد خواہوں سے جو خود روئے زمین پر دکھ درد ،رنج و مصائب اور کرپشن کا باعث بنتے ہیں سے ہوشیار رہنا چاہئیے۔