ایرانی پارلیمنٹ اسپیکر کی بیماری پر عالمی رد عمل
Apr ۰۳, ۲۰۲۰ ۲۲:۲۸ Asia/Tehran
پاکستان کی سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین نے ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر لاریجانی کے نام اپنے الگ الگ پیغامات میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی صحتیابی کی دعا اور ایران میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر ایرانی عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔
چیئرمین سینیٹ پاکستان صادق سنجرانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے عوام، پارلیمان اور حکومت، ایرانی پالیمینٹ کے اسپیکر کے کورونا وائرس میں مبتلا ہوجانے کی خبر پر اپنی تشویش ظاہر کرتے ہوئے خداوندعالم کی بارگاہ میں ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اس مشکل وقت میں اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کورونا کے خلاف جنگ میں ان کی جد وجہد کی حمایت کرتے ہیں۔ پاکستانی سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈی والا نے بھی اپنے پیغام میں کورونا وائرس میں اسپیکر لاریجانی کے مبتلا ہو جانے کی خبر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی صحتیابی کی دعا کی۔
انٹرپارلیمنٹری یونین کی سربراہ نے بھی کورونا وائرس میں ایرانی پارلیمینٹ کے اسپیکر کے مبتلا ہوجانے کی خبر سننے کے بعد ایک پیغام ارسال کرکے ان کی صحتیابی کی دعا کی ہے۔
آئی پی یو کے سربراہ نے اپنے پیغام میں ڈاکٹر لاریجانی کی جلد صحتیابی کی دعا کرنے کے ساتھ ہی اطمینان ظاہر کیا کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے کورونا پر غلبہ حاصل کرلیں گے۔ روس شام اور دیگر ملکوں کے بھی پارلیمانی اسپیکروں نے اپنے پیغامات میں ڈاکٹر لاریجانی کی صحتیابی کی دعا کی ہے۔