کم رسک والی تجارتی سرگرمیاں گیارہ اپریل سے بحال
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ سماجی فاصلے کی رعایت کے دستور العمل پر قائم اور طبی اصولوں پر عمل پیرا رہتے ہوئے متوسط سطح کے اور ایسے کار و بار گیارہ اپریل سے شروع کئے جا سکتے ہیں جن کو نقصان پہنچنے کا خطرہ کم ہو ۔
ایران کے صدر حسن روحانی نے اتوار کو اینٹی کورونا نیشنل ہیڈکواٹر کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تدریجی طور پر ملک میں معمولات زندگی شروع کئے جانے پر مبنی وزارت صحت کی تجاویز کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حفظان صحت کے اصولوں اور اقتصادی سرگرمیوں دونوں پر ایک ساتھ عمل کیا جا سکتا ہے۔
صدر حسن روحانی نے ایران کے مقدس مقامات اور زیارت گاہوں کو کھولے جانے کے بارے میں کہا کہ یہ مقدس مقامات اٹھارہ اپریل تک بند رہیں گے اور آئندہ اجلاس میں اس سلسلے میں فیصلہ کیا جائے گا۔
ایران کی مجریہ کے سربراہ نے موجودہ دور میں پورے اسلامی جمہوریہ کے نظام کو متحد بتاتے ہوئے کہا کہ ایران کے دشمن اسی اتحاد و یکجہتی کے سبب سخت مشتعل اور سیخ پا ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کے وزیر صحت سعید نمکی نے جمعرات کو کہا تھا کہ ملک کورونا وائرس کے کنٹرول کے مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔
ایرانی حکومت مسلح افواج کی مدد سے انسداد کورونا مہم میں سلسلہ جنگی پیمانے پر مصروف ہے جس میں کورونا کی فوری تشخیص کا عمل، اس میں مبتلا مریضوں کے رابطے میں رہ چکے افراد کا پتہ لگا کر ان کو اپنی نگرانی میں لینا، مریضوں کا قرنطینہ و علاج اور ساتھ ہی شہروں اور بستیوں کے گلی کوچوں، شاہراہوں اور عمومی مقامات کو ڈِس انفیکٹ کرنے کا عمل وغیرہ بھی شامل ہے۔