Apr ۲۰, ۲۰۲۰ ۲۲:۵۹ Asia/Tehran
  • عالمی برادری کا مستقبل ایک دوسرے سے وابستہ ہے: صدر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کا مستقبل پوری طرح ایک دوسرے سے وابستہ ہے اور یورپی یونین کو امریکا کے غیر انسانی اقدامات کے مقابلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے اٹلی کے وزیر اعظم جوزپا کونٹے سے ٹیلیفونی گفتگو میں کورونا وائرس کی تباہی کی وجہ سے اٹلی کے عوام سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان سخت حالات میں ایرانی عوام پر امریکا کے دباؤ ہر زمانے سے زیادہ غیر انسانی رہے ہیں اور اس دباؤ کا جاری رہنا، ایک قوم کے خلاف جرائم اور وحشیانہ اقدام ہے اور یہ تمام انسانی اصولوں اور عالمی قوانین کے برخلاف ہیں۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ یورپ کی جانب سے ابھی تک قابل توجہ اور موثر اقدامات نہیں کئے گئے۔  

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ علاقے کی سیکورٹی تمام علاقائی ممالک کے تعاون سے ہی ممکن ہے اور غیر ملکیوں خاص طور پر امریکا کی مداخلت سے علاقے میں بدامنی پیدا ہو رہی ہے۔

اس ٹیلیفونی گفتگو میں اٹلی کے وزیر اعظم نے ایرانی حکومت اور عوام سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ تہران کو جو مسائل ہیں انہیں ہم اچھی طرح سمجھتے ہیں اور اٹلی کورونا وائرس سے مقابلے میں دونوں ممالک کے مشترکہ تجربات کے تبادلے کا خیرمقدم کرتا ہے۔

ٹیگس