ایران اب امریکی عوام کی مدد کرے گا
ایران کے وزیر صحت نے امریکی وزیر صحت کی جانب سے ایرانی عوام کی مدد کے دعووں پر کہا کہ ایران مشکلات اور مسائل میں پھنسے ہوئے امریکی عوام کی مدد کرنے کو تیار ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر صحت سعید نمکی نے جمعرات کے روز ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ آج امریکہ کے وزیر صحت نے عالمی ادارہ صحت کے اجلاس کے دوران دعوی کیا کہ وہ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے ایرانی عوام کی مدد کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اس اجلاس کے دوران امریکہ کے اس کھوکھلے اور بے بنیاد دعوے کے جواب میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اللہ تعالی کی مدد اور اپنے حکام اور عوام کے تعمیری تعاون سے اس بیماری پر قابو پا رہا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم اس نازک اور مشکل صورتحال میں مشکلات میں پھنسے ہوئے امریکی عوام کی مدد کے لئے تیار ہیں۔
امریکہ میں خطرناک کورونا وائرس سے اب تک 49 ہزار 845 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ کورونا وائرس میں 8 لاکھ 80 ہزار 204 افراد مبتلا ہوئے ہیں ۔ پوری دنیا میں کورونا سے ہلاکتوں اور مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد کے حوالے سے امریکہ سر فہرست ہے۔