Apr ۲۵, ۲۰۲۰ ۱۲:۴۶ Asia/Tehran
  • نور سٹیلائٹ کی لانچنگ بڑی کامیابی ہے: حسن روحانی

ایران کے صدر نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی سے کل رات ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو میں نور سیٹلائٹ کو خلا میں بھیجنے پر سپاہ کے اہلکاروں اور سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کورونا بحران کے موقع پر اس کامیابی کی اہمیت بہت زیادہ ہو گئی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں علاقے میں اغیار کے اشتعال انگیز اقدامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظرہمیں ہوشیاراورالرٹ رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج خاص طور پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی طاقت و توانائی اور دفاعی تیاری و آمادگی، علاقے میں امن و سلامتی کے دائرے میں ہے جس کا ہمیشہ دنیا کے آزاد منش انسانوں نے خیر مقدم کیا ہے۔

صدر مملکت نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور رضاکار فورس بسیج کے جوانوں کی جانب سے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے، عوام کو طبی سہولتیں فراہم کرنے اور سڑکوں کو سنیٹائز کرنے جیسی خدمات کو گرانقدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ کورونا کو شکست دینے کے لئے ایران میں اتحاد، یکجہتی اور باہمی تعاون کی فضا قائم ہوئی ہے۔

اس ٹیلی فونی گفتگو میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے نور سٹیلائٹ کی کامیاب لانچنگ پر صدر مملکت کی خاص توجہ کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ مستقبل میں دفاعی شعبے میں کامیابیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی علاقے میں امن و امان قائم کرنے، دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور دشمن کی توسیع پسندی کا مقابلہ کرنے کے لئے مکمل طور پر آمادہ ہے۔

ٹیگس