Apr ۲۹, ۲۰۲۰ ۱۰:۴۰ Asia/Tehran
  • خلیج فارس ہمیشہ خلیج فارس رہے گا

ایران میں 10 اردیبہشت یعنی 29 اپریل کو خلیج فارس کے قومی دن کے طور پر منایا جاتاہے۔

خلیج فارس جنوب مغربی ایشیا میں ایران اور جزیرہ نما عرب کے درمیان واقع ہے۔ یہ تجارتی نقطہ نظر سے دنیا کے اہم ترین آبی علاقوں میں شمار ہوتی ہے۔ مختلف زبانوں میں اس سمندری علاقے کا تاریخی نام خلیج فارس ہے۔

حالیہ برسوں کے دوران خلیج فارس کا نام تحریف اور تبدیل کرنے کی بے پناہ کوششیں کی جاتی رہی ہیں جبکہ تاریخی دستاویزات اس بات کی گواہ ہیں کہ اس آبی علاقے کا نام قدیم زمانے سے خلیج فارس تھا اور آئندہ بھی رہے گا۔

دنیا میں تیل کی اہم ترین آبی گزرگاہ یعنی خلیج فارس ایرانی تہذیب و تمدن کا اٹوٹ حصہ ہے اور دنیا بھر کی تاریخی دستاویزات، معاہدوں نیز مختلف اقوام کے درمیان اس آبی گزرگاہ کی پہنچان کے لیے یہی نام استعمال کیا جاتا ہے۔

ایرانی وزیر ثقافت سید عباس صالحی نے خلیج فارس کے قومی دن کی مناسبت سے کہا ہے کہ اس سے پہلے کہ دیگر قومیں اس علاقے میں قدم رکھیں، ایرانیوں نے ہزاروں سال کیلئے اس سواحل میں مقیم ہوکر خلیج فارس کے علاقے میں پرانی تہذیب کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔

اس سال کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر یوم خلیج فارس کے موقع پر تقاریب اور اجتماعات منعقد نہیں ہو رہے ہیں۔

واضح رہے کہ تیس اپریل سولہ سو اکیس کو ایرانی فوج نے آبنائے ہرمز اور خلیج فارس میں پرتگالیوں کو شکست دی اور ان کے 150 سالہ تسلط کو ختم کرکے انھیں اس خطے سے نکال دیا جس کے بعد سے اس تاریخ کوایران میں ہر سال خلیج فارس کے قومی دن کے طورپرمنایا جاتا ہے۔

ٹیگس