ایران میں کورونا کے حالات میں مجلس اور جشن کا انوکھا طریقہ + تصاویر
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایران میں مذہبی پروگراموں کے انعقاد کو روک دیا گیا ہے لیکن اہلبیت کے شیدائيوں نے ان پروگراموں کے لیے ایک انوکھا راستہ نکال لیا ہے۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد پوری دنیا میں مذہبی پروگراموں کے انعقاد پر پابندی لگا دی گئي ہے اور بہت کچھ بدل گیا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران میں بھی میڈیکل شعبے کے کہنے پر مسجدوں اور مقدس مقامات میں مذہبی پروگراموں کا انعقاد روک دیا گيا ہے۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کی وجہ سے امام حسین علیہ السلام کی مجالس کا سلسلہ بھی بند ہو گيا اور اسی طرح اہلبیت علیہم السلام کی خوشی کے موقع پر محفلوں اور جشن کا سلسلہ بھی رک گيا جس کی وجہ سے اہلبیت رسول کے چاہنے والے بہت افسردہ تھے۔
رمضان کا مبارک مہینہ آيا تو مذہبی پروگراموں سے لگاؤ رکھنے والوں کے غم میں اضافہ ہو گیا۔ اس دوران ماوا نام کی ایک تنظیم نے سائلین امیر المومنین نامی انجمن کے تعاون سے امام حسین علیہ السلام کی مجالس کے انعقاد کا ایک نیا اور انوکھا طریقہ نکال لیا۔ اس تنظیم نے شب غم کے عنوان سے تہران کے ارم پارک، کی پارکنگ میں کاروں کے اندر مجلس کا انتظام کیا۔
انجمن کے عہدیداروں نے بتایا ہے کہ رمضان کے مبارک مہینے میں ہر رات پارکنگ میں مذہبی پروگراموں کا انعقاد ہوگا۔ ڈھائي سو سے تین سے گاڑیوں میں لوگ اپنے اہل خانہ کے ساتھ آتے ہیں اور پارکنگ میں گاڑی کھڑی کر کے اسی کے اندر بیٹھ کر پروگرام دیکھتے اور سنتے ہیں۔ کار میں بیٹھنے والوں کی سہولت کے لیے پورا پروگرام ایف ایم پر بھی نشر کیا جاتا ہے اور لوگ کار کا ریڈیو چلا کر بآسانی پروگرام سنتے ہیں۔