May ۱۱, ۲۰۲۰ ۲۳:۵۰ Asia/Tehran
  • ایرانی بحریہ کےجوانوں کی شہادت پر صدر مملکت کی تعزیت

ایران کے صدر نے بحریہ کےجوانوں کی شہادت پر تعزیت و تسلیت پیش کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے آج ایران کے آرمی چیف سید عبدالرحیم موسوی کے نام اپنے پیغام میں ملک کی دفاعی طاقت و توانائی کو مزید مضبوط بنانے کیلئے بحری مشقوں کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کی شہادت پر تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے اس سانحہ کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے جنوبی ایران میں جاسک اور چابہار کے سمندری علاقے میں اتوار کی شام بحری مشق کے دوران ایران کی ایک چھوٹے لاجسیٹیکل بحری جہاز کو پیش آنے والے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی بحریہ   کی فوجی مشقوں کے دوران ایک چھوٹے بحری جہاز کو حادثہ پیش آنے پر مختصر مدّت میں ہی  امدادی ٹیمیں اس مقام پر پہنچ گئیں اور شہیدوں اور زخمیوں کو فوری طور پر طبی مراکز منتقل کر دیا گیا ہے ۔ بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے اعلان کیا ہے کہ اس حادثے میں بحریہ کے انیس جوان شہید اور پندرہ دیگر زخمی ہوئے ہیں جبکہ زخمیوں کی حالت کنٹرول میں ہے۔

بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ کے اعلان کے مطابق حادثے کاشکار کنارک نامی چھوٹے جنگی بحری جہاز کو ٹیکنیکی جائزے اور تحقیقات کے لئے  ٹرمنل منتقل کر دیا گیا۔

بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے ایرانی بحریہ کےجوانوں کی شجاعت اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے  کہا ہے کہ توقع کی جاتی ہے کہ حادثے کے مقام پر موجود ماہرین کی ٹیموں کی تحقیقات کا نتیجہ سامنے آنے تک ہر طرح کی قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے گا۔

ٹیگس