May ۱۳, ۲۰۲۰ ۱۱:۱۱ Asia/Tehran
  • ایران اسلامی میں پہلی شب قدر، عزائے مولا اور شب بیداری

ایران اسلامی میں پہلی شب قدر کے اعمال کورونا کے حوالے سے جاری کیے جانے والے حفظان صحت کے پروٹوکول کی مکمل پابندی کے ساتھ انجام دئے گئے جن میں ملک بھر کے عوام نے شرکت کی -

عاشقان امامت و ولایت نے منگل کی شب، انیسویں شب ماہ رمضان مسجدوں اور امامبارگاہوں ، اہلبیت اطہار علیھم السلام سے تعلق رکھنے والے امام زادوں کے مزارات اور دیگر مذہبی مقامات میں بسر کی۔

اس موقع پر تلاوت قران کریم اور اس شب کی مخصوص دعاؤں اور مناجات کا سلسلہ رات دیر گئے تک جاری رہا۔ مداحان اہلبیت نے اس موقع پر مولائے متقیان حضرت علی علیہ السلام کے غم میں مرثیہ خوانی اور نوحہ خوانی بھی کی۔

ماہ رمضان کی انیس، اکیس اور تیئیس کی راتیں شب قدر کہلاتی ہیں اور ساری دنیا کے مسلمان ان راتوں میں شب بیداری کرکے ، مخصوص اعمال بجا لاتے ہیں جبکہ دعاؤں اور مناجات کرکے اپنے خدا سے راز و نیاز کرتے ہیں۔

سال کی کوئی بھی رات اپنی فضیلت کے لحاظ سے شب قدر کے برابر نہیں اور اس رات کی ہر عبادت کا ثواب ایک ہزار ماہ کی عبادات کے برابر ہے جبکہ اس رات میں انسان کی تقدیر بھی لکھی جاتی ہے۔

انیسویں ماہ رمضان کی صبح خوارج کے گروہ سے تعلق رکھنے والے ابن ملجم مرادی نے حضرت علی علیہ السلام کے فرق مبارک پر حالت نماز میں زہر میں بجھی ہوئی تلوار کا وار کیا تھا۔ اسی لئے انیس ماہ رمضان کی صبح کو صبح ضربت کہا جاتا ہے-

ٹیگس