May ۱۴, ۲۰۲۰ ۱۹:۵۵ Asia/Tehran
  • بعض ملکوں کی اقتصادی اشتہا نے انسداد کورونا مہم کو متاثر کیا: صدر روحانی

ایران کے صدر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے میں ایران میں کامیابی کے اہم ترین اسباب میں مختلف سطحوں پر پائی جانے والی یکجہتی اور عوام کی جانب سے کیا جانے والا مناسب تعاون ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے جمعرات کے روز اینٹی کورونا قومی کمیٹی کے اجلاس میں اس وبا کے مقابلے میں ایرانی حکام اور عوام میں پائی جانے والی یکجہتی کی قدردانی کی۔

انہوں نے کہا کہ سب کو چاہئے کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے سخت ترین حالات سے نمٹنے میں بھرپور تعاون اور مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے بعض ترقی یافتہ ملکوں کے حکام میں پائے جانے والے نظریاتی اختلاف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم مشاہدہ کر رہے ہیں کہ بعض ملکوں کے حکام کورونا وائرس کے مقابلے میں بالکل بے بس و ناتواں ہیں اور ان ملکوں میں دو قطبی ماحول بنا ہوا ہے۔

صدر ایران نے کہا کہ یہ اختلاف اور دو دھڑوں میں انکی تقسیم، کاروبار اور اقتصادی سرگرمیاں بحال کرنے کے حوالے سے ہے جس سے انسداد کورونا مہم کی راہ میں مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔

ڈاکٹر روحانی نے عالمی یوم قدس کی اہمیت اور اس دن کے باقی رکھے جانے کی ضرورت پر زور دیا، تاہم انہوں نے کہا کہ باوجود اس کے کہ مقبوضہ فلسطین کی غاصب، جعلی اور ظالم صیہونی حکومت کی شدید مذمت اور مظلوم فلسطینیوں کی بھرپور حمایت اپنی جگہ نہایت اہمیت کی حامل ہے، مگر صحت و تندرستی کے حوالے سے حفظان صحت کے ضوابط و اصول کی پاسداری کرنا بھی بہت ضروری ہے۔

ٹیگس