May ۱۷, ۲۰۲۰ ۱۸:۴۳ Asia/Tehran
  • ایران میڈیکل آلات برآمد کرنے والے ملک میں تبدیل ہوگیا

ایران میڈیکل آلات درآمد کرنے والے ملک سے برآمد کرنے والے ملک میں تبدیل ہوگیا ہے۔

یہ بات ایران کے وزیر صحت ڈاکٹر سعید نمکی نے ڈاکٹروں اور نرسوں کے لیے مخصوص حفاظتی لباس کی پروڈکشن لائن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ڈاکٹر سعید نمکی کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دو ماہ سے بھی کم کے عرصے میں میڈیکل آلات درآمد کرنے والے ملک سے برآمد کرنے والے ملک میں تبدیل ہوگیا ہے۔ انہوں نے ایران کے طبی عملہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں میڈیکل آلات اور پرسنل سیفٹی کٹس کی کمی کے باوجود ہمارے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس نے کورونا کے مریضوں کی دیکھ بھال میں ذرہ برابر کوتاہی نہیں برتی۔

ایران کے وزیر صحت نے کہا کہ امریکہ اور یورپی ملکوں میں سینکڑوں مریضوں کو اسپتالوں کے بند دروازوں کا سامنا کرنا پڑا اور سن رسیدہ افراد کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا گیا لیکن اس کے برخلاف ایران میں فٹ پاتھ پر سونے والا شخص بھی علاج کی سہولت سے محروم نہیں رہا۔

ڈاکٹر سعید نمکی نے ایران میں کورونا کے مریضوں اور اموات میں کمی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دوسو اٹھارہ شہروں کو کلیر قرار دیا جا چکا ہے اور وائٹ علاقوں کے دائرے میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

ٹیگس