ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عالمی ادارہ صحت کو خط غلط اقدام ہے: ایران
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل کو لکھے گئے خط میں اس تنظیم کی پیشہ ورانہ مہارت اور آزادی پر سوال اٹھائے گئے جو غلط وقت پر کی جانے والی فضول کوشش ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے آج بروز بدھ ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ایک ایسے وقت جب عالمی سطح پر صحت عامہ کو خطرات لاحق ہیں اور پوری ورلڈ میں مزید یکجہتی اور تعاون کی ضرورت ہے تو ڈونلڈ ٹرمپ کے عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل کو لکھے گئے خط میں اس تنظیم کی پیشہ ورانہ مہارت اور آزادی پر سوال اٹھائے گئے جو غلط وقت پر کی جانے والی فضول کوشش ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کو عالمگیر وبا کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے بہتر لائحہ عمل اختیار نہ کرنے کی صورت میں ہمیشہ کے لیے فنڈنگ روکنے کی دھمکی دی تھی۔
صدر ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم کو خط لکھا جس میں انہوں نے کہا کہ اگر عالمی ادارہ صحت کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے اگلے 30 روز میں کوئی بہتری نہیں دکھاتا تو اس کی فنڈنگ ہمیشہ کے لیے روک دی جائے گی۔