ایران، سیکورٹی اہلکاروں کا چھاپہ، ایک ٹن سے زائد منشیات برآمد
ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان کے پولیس سربراہ نے اس علاقے میں موت کے سوداگروں سے ایک ٹن سے زائد منشیات برآمد کئے جانے کی خبر دی ہے۔
محمد قنبری نے منگل کے روز کہا ہے کہ منشیات کے خلاف مہم میں سرگرم عمل پولیس اہلکاروں نے صوبے سیستان و بلوچستان کے شہر خاش میں موت کے سوداگروں کے خلاف ایک آپریشن انجام دیا جس میں اسمگلروں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
اس کاروائی میں منشیات کے دو سوداگروں کو پکڑ کر ان کے پاس موجود ایک ٹن تیرہ کلو منیشات کو ضبط کر لیا گیا۔ مسٹر قنبری کے مطابق اس کاروائی میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایران، منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم میں سرگرمِ عمل ممالک کے درمیان ایک نمایاں مقام رکھتا ہے جس نے گذشتہ برس ایک سو پچاس ٹن منشیات کو ضبط کیا جب کہ وہ منشیات کی روک تھام کی راہ اب تک اپنے تین ہزار سے زائد شہید اور ہزاروں زخمیوں کا نذرانہ بھی پیش کر چکا ہے۔