Jun ۰۱, ۲۰۲۰ ۲۱:۳۰ Asia/Tehran
  • ایران اور افغانستان کے سربراہوں کی ٹیلی فونی گفتگو

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے افغانستان سمیت اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کے فروغ کو تہران کی اصولی پالیسی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران، افغانستان میں امن و ثبات کے فروغ کے لئے ہمیشہ افغان حکومت و عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے پیر کو افغانستان کے صدر اشرف غنی سے ٹیلی فونی رابطے میں افغان سیاسی گروہوں کے درمیان ہونے والے سمجھوتے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران، افغانستان میں قیام امن و استحکام کو علاقے کی سیکورٹی اور استحکام کا باعث سمجھتا ہے۔ صدر حسن روحانی نے کورونا کی روک تھام کے سلسلے میں ایران کے اقدامات اور کامیابیوں نیز افغان مہاجرین کو مفت میڈیکل خدمات فراہم کرنے کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں افغان بھائیوں کو مفت میڈیکل خدمات فراہم کرنے کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔

افغانستان کے صدر اشرف غنی نے بھی ایران کی جانب سے افغان مہاجرین کے لئے مفت خدمات کی فراہمی کو نہایت قابل قدر قرار دیا اور ایرانی قوم و حکومت کا شکریہ ادا کیا- افغانستان کے صدر نے علاقے کے امن و استحکام میں اسلامی جمہوریہ ایران کے تعمیری کردار کی جانب اشارہ کیا اور افغانستان میں امن و استحکام کے عمل میں تہران سے حمایت کی اپیل کی۔

افغانستان کے صدر اشرف غنی نے مختلف میدانوں میں ایران و افغانستان کے بڑھتے ہوئے تعلقات کے پیش نظر امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے حکام کی کوششوں سے باہمی تعلقات اور تعاون زیادہ سے زیادہ فروغ پائے گا۔

ٹیگس