Jun ۰۱, ۲۰۲۰ ۲۳:۱۰ Asia/Tehran
  • ایران کا آخری تیل ٹینکر بھی وینیزوئیلا پہنچ گيا

ایران کی جانب سے وینیزوئيلا کی مدد کے لیے روانہ کیے گئے پانچ تیل ٹینکروں میں سے آخری جہاز بھی اس ملک کے ساحل پر پہنچ گيا ہے۔

کلاول نامی یہ تیل بردار بحری جہاز پیر کی شام کو وینیزوئیلا کے شمالی ساحل پر پہنچا جہاں اس ملک کی فوج نے اسے بحفاظت اپنے گھیرے میں لے لیا۔ رشا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی پابندیوں کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران کا یہ سمندری جہاز ایندھن کی کھیپ لے کر وینیزوئیلا پہنچ گيا۔ یہ بحری جہاز اٹھارہ اپریل کو ایران کے ساحلی شہر بندر عباس سے روانہ ہوا تھا اور اسلامی جمہوریہ ایران کے پرچم کے ساتھ پوری شجاعت کے ساتھ وینیزوئیلا پہنچ گيا ہے۔

 

اس سے پہلے ایران کے چار دیگر بحری جہاز پیٹرول لے کر وینیزوئیلا پہنچے تھے۔ ان میں سے دو تیل ٹینکروں نے ایران کی جانب واپسی کا سفر شروع کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکا نے تہران اور کاراکاس کے درمیان نئے معاشی اتحاد کو روکنے کے لیے دھمکی دی تھی کہ وہ ایران کے ان بحری جہازوں کے وینیزوئیلا نہیں پہنچنے دے گا۔ اس نے وینیزوئیلا پر مختلف طرح کی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں اور اس ملک کا محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔ وینیزوئیلا کے سرکاری اور فوجی حکام نے اپنے ملک کے لیے ایندھن بھیجنے پر اسلامی جمہوریہ ایران کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ٹیگس