Jun ۰۷, ۲۰۲۰ ۰۸:۳۲ Asia/Tehran
  • امریکہ قرارداد 2231 کے تحت کو ئی کام نہیں کر سکتا: ایران

اقوام متحدہ میں تعینات ایران کے مستقل مندوب نے اپنے امریکی ہم منصب کے حالیہ بیانات کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2231 کے تحت امریکہ کو کسی کام کا آغاز کرنے کا اختیار نہیں ہے۔

اقوام متحدہ میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے ہفتے کے روز ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ امریکی سفیر کس گمان میں ہیں کہ امریکہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2231 کی حمایت کے تحت ایران کے خلاف پابندیوں کا از سر نو نفاذ کرنے کے میکنزم کا حق حاصل ہے۔

تخت روانچی نے کہا کہ لیکن یہ غلط فہمی ہے کیونکہ جب سے امریکہ، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کہنے پر یکطرفہ طور پر ایران جوہری معاہدے سے علیحدہ ہوگیا تب سے وہ اس معاہدے کا شراکت دار ہی نہیں ہے۔

ایرانی مندوب نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ نے قرارداد نمبر 2231 کی خلاف ورزی کی ہے اور اسے اس قرارداد کے تحت کسی کام کا آغاز کرنے کا حق نہیں ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ میں تعینات امریکی مستقل مندوب نے جمعہ کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران اس بات کا دعوی کیا تھا کہ جو بھی قرارداد 2231 کے متن کو پڑھ لے وہ یہ سمجھ سکتا ہے کہ امریکہ کو ایران پر اسلحے کی پابندی میں توسیع کیلئے اختلافات کے حل کے میکنزم کو استعمال کرنے کا حق حاصل ہے۔

ٹیگس