رمضان عبداللہ کی خدمات، جہاد و استقامت کے میدان میں آئندہ نسلوں کے لیے چراغ ہیں: روحانی
صدر ڈاکٹر روحانی نے ایک پیغام میں فلسطین کی جہاد اسلامی تحریک کے سابق سیکریٹری جنرل کے انتقال پر تعزیت پیش کی ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے اتوار کے روز اپنے پیغام میں رمضان عبداللہ شلح کے انتقال پر تحریک جہاد اسلامی، فلسطین کے عوام اور تمام جہادی گروہوں کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان عبداللہ، فلسطین میں جدوجہد اور استقامت کی تاریخ میں ہمیشہ باقی رہنے والی خدمات کا سرچشمہ تھے اور جہاد و استقامت کے میدان میں آئندہ نسلوں کے لیے ایک چراغ کی طرح باقی رہیں گے۔
انھوں نے اپنے اس پیغام میں کہا کہ رمضان عبداللہ غاصب صیہونی حکومت کے خلاف جدوجہد کے میدان کے ایک انتھک مجاہد اور مفکر تھے اور انھوں نے اپنی پوری بابرکت عمر، مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت اور ان کی امنگوں کے دفاع کے لیے وقف کر دی تھی۔
اسی طرح اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف، عالمی امور میں قائد انقلاب اسلامی کے مشیر علی اکبر ولایتی، پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سمیت ایران کی متعدد اہم شخصیات اور رہنماؤں نے الگ الگ پیغام جاری کر کے فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کے سابق سربراہ رمضان عبداللہ کے انتقال پر فلسطینی عوام کو تعزیت پیش کی ہے۔