Jun ۱۵, ۲۰۲۰ ۲۲:۰۵ Asia/Tehran
  • دنیا جانتی ہے کہ ایران، امریکہ کے تخریبی اقدامات کا سخت جواب دے گا: صدر روحانی

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران کے خلاف اقوام متحدہ کی ہتھیاروں سے متعلق پابندی کے خاتمے کو ایٹمی معاہدے کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کو دھونس میں لینے کی کوشش کر رہا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کابینہ کے اجلاس سے اپنے خطاب میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی میں واشنگٹن کے اثر و رسوخ پر مبنی امریکہ کے تخریبی اقدامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کے تمام ممالک اس بات کو بخوبی جانتے ہیں کہ امریکیوں نے اگر ایٹمی معاہدے کے ثمرات کو متاثر کرنے کی کوشش کی تو ایران اُس کا سخت جواب دے گا۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور آئی اے ای اے کے رکن ممالک اس سلسلے میں امریکی سازشوں پر بھرپور توجہ دیں گے۔ صدر ایران نے آئی ایم ایف سے قرضے کی درخواست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ کو امریکی دباؤ کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور اسے چاہئے کہ اپنے فرائض اور وعدوں پر عمل کرے۔

آئندہ اٹھارہ اکتوبر کو ایٹمی معاہدے کی بنیاد پر ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی اسلحے کی پابندیاں ختم ہو رہی ہیں جس سے امریکہ سے تلملایا ہوا ہے اور وہ ان پابندیوں کی مدت میں توسیع کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔

امریکہ، آٹھ مئی دو ہزار اٹھارہ کو بین الاقوامی ایٹمی معاہدے سے نکلنے کا باضابطہ طور پر اعلان اور غیر قانونی اور ظالمانہ پابندیوں کے نفاذ کے باوجود اس بات کا دعوی کرتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی اس قرارداد کے ایک فریق ملک کی حیثیت سے اس قرارداد کی بنیاد پر ہونے والے فیصلوں میں تبدیلی کرانے کا حق رکھتا ہے جبکہ قانونی طور پر وہ اپنا یہ حق کھو چکا ہے۔

ٹیگس