Jun ۲۸, ۲۰۲۰ ۲۳:۰۰ Asia/Tehran
  • حکومت ایران کو اندرون یا بیرون ملک سے قرضے لینے کی ضرورت نہیں: صدر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ پابندیوں کے باوجود ایران کو قرضے لینے کی ضرورت نہیں ہے

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اتوار کو  قومی انسداد کورونا کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ جو ممالک پابندیوں اور اقتصادی دباؤ کا شکار نہیں ہیں وہ بھی کورونا پھیلنے کے بعد  اقتصادی  بدحالی  کا شکار ہو گئے اور اس کا ثبوت ان ایام میں برطانیہ کا دوسو تہتر ملین پونڈ کا قرض لینا ہے۔

صدر روحانی نے کہا کہ دنیا کے بہت سے ممالک میں کورونا کے بیماروں کے علاج کی فیس وصول کی جاتی ہے لیکن ایران میں کورونا کے علاج کے لئے کوئی فیس وصول نہیں کی جاتی۔

صدر ایران نے کہا کہ ایران کی حکومت، کچھ تدابیر اختیار کر کے پابندیوں کے باوجود ملک کی اقتصادی صورت حال کو کنٹرول میں رکھے ہوئے ہے۔ صدر روحانی نے تہران میں انیس سو اکیاسی میں ہونے والے دھماکے کی جانب بھی اشارہ کیا اور کہا کہ اس زمانے میں امریکیوں نے عراق کے بعثی ڈکٹیٹر صدام اور ایم کے او دہشتگرد گروہ کے ساتھ مل کر ایرانِ اسلامی کے خلاف مذموم مثلث تشکیل دیا تھا۔

تہران میں انیس سو اکیاسی میں ایم کے او دہشتگرد گروہ کے ہاتھوں انجام پانے والے دہشتگردانہ دھماکے میں ایران کی عدلیہ کے سربراہ آیت اللہ محمد حسین بہشتی سمیت بہتر اعلی حکام شہید ہو گئے تھے۔

ٹیگس