Jul ۰۱, ۲۰۲۰ ۱۹:۲۵ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کی توسیع پسندانہ اور دشمنانہ پالیسیوں کا سلسلہ بند کیا جائے: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے صیہونی حکومت کی توسیع پسندانہ اور دشمنانہ پالیسیوں کا سلسلہ فوری طور پر روکے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد قالیباف نے بدھ کو دنیا بھر کے ملکوں کی پارلیمانوں کے اسپیکروں، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش، عالمی بین الپارلیمانی یونین کے سربراہ گیبریلا کوواس بارون، اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی پارلیمانی یونین کے سربراہ محمد قریشی نیاس، ایشیائی پارلیمانی یونین کے سربراہ محمد رضا مجیدی اور اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہ یوسف العثیمین کے نام علیحدہ علیحدہ پیغام میں صیہونی حکومت کے عالمی امن و سیکورٹی کے منافی، غیرقانونی، اشتعال انگیز اور غاصبانہ اقدامات کا سلسلہ فوری طور پر روکے جانے اور فلسطین کے مظلوم عوام کے حقوق کی حمایت پر زور دیا۔

محمد قالیباف نے کہا کہ بلاشبہ فلسطین پر غاصبانہ قبضے کا عمل جاری رکھنا اور ملت فلسطین کے حقوق کو نظرانداز کرنا علاقائی و عالمی امن و سیکورٹی کو درپیش خطرات بڑھنے اور کشیدگی جاری رہنے کا اصلی عامل ہے اور اس کے عالمی و علاقائی امن و سیکورٹی کے تحفظ کے لئے ناقابل تلافی نتائج برآمد ہوں گے۔ ایران کی پارلمینٹ کے اسپیکر نے تمام بین الاقوامی اداروں کے سربراہوں سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں اور اقوام متحدہ کے منشور میں موجود اہداف و اصول کی بنیاد پر صیہونی حکومت کی توسیع پسندانہ اور دشمنانہ پالیسیوں کو فوری طور پر روکنے کے لئے ٹھوس قدم اٹھائیں۔

ٹیگس